امریکہ نے ایران پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام لگا دیا

امریکی صدر نے ایران پر بڑے حملے کی دھمکی دے دی

فائل فوٹو


نیویارک: امریکہ نے ایران پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام لگاتے ہوئے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران امریکی فوجیوں پر خاموشی سے حملہ کرنےکی منصوبہ بندی کر رہا ہے اگر اس نے ایسا کیا تو بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی۔

دوسری جانب 32 امریکی اراکین کانگریس نے کورونا وائرس کے پیش نظر ایران سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق برنی سینڈرز سمیت دیگر ارکان کانگریس نے امریکی وزیرخارجہ اور وزیرخزانہ کو خط لکھ دیا۔

اراکین نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سخت پابندیاں ایران میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکہ میں کورونا سے ایک سے دو لاکھ 40 ہزار اموات کا خدشہ

خط میں مزید کہا گیا کہ امریکہ ایران تنازعہ کورونا سے پریشان معصوم لوگوں کی مدد میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

اس سے قبل امریکہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ ایران پر پابندی میں نرمی پر از سر نوغور کر سکتا ہے لیکن امریکہ کی پابندیاں خوراک اور ادویات پر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکیوں کے لیے آئندہ 2 ہفتے مشکل اور تکلیف دہ ہوں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے جواباً امریکہ پر طبی دہشت گرد ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 42 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 8 لاکھ سے بڑھ گئی۔


متعلقہ خبریں