پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں غیرریاستی افراد کوآباد کرنے کا قانون مسترد کر دیا


اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں غیرقانونی ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں غیرریاستی افراد کو آباد کرنے کے قانون کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل کے حصول کےلیے نیا قانون قابل مذمت ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: کورونا کا دوسرا مریض بھی جان کی بازی ہار گیا

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھی بھارت کے  نئے قوانین کو مسترد کردیا ہے۔

خیال رہے کہ کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق گزشتہ ماہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نو مسلمانوں کو شہید کیا گیا۔

کے ایم ایس کے مطابق پرامن مظاہرین پر تشدد سے 7 کشمیری شدید زخمی بھی ہوئے۔

اسی ماہ کے دوران قابض فوج نے حریت رہنماؤں سمیت 806 کشمیریوں کو حراست میں بھی لے لیا۔

کے ایم ایس کے مطابق گزشتہ ماہ دھماکہ خیز مواد سے 2 گھروں کو بھی تباہ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں