امریکی شہری لے جانے کیلئے چارٹرڈ طیاروں کو پاکستان آنے کی اجازت


اسلام آباد: پاکستان نے امریکی سفارت خانے کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کی اجازت دے دی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق 2 امریکی چارٹر طیارے آج کراچی اور اسلام آباد پہنچیں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکی طیارے کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

طیاروں میں امریکی شہریوں سمیت 3 برطانوی سفارت کار بھی روانہ ہوں گے اور مسافروں کو رخصت کرنے کےلیے ٹرمینل بلڈنگ میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

خیال رہے کہ آج ہی کینیڈین حکومت کی درخواست پر قومی ایئر لائن پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں کینیڈا کے600 شہریوں کو لے کر  ٹورنٹو روانہ ہوئی ہیں۔

تین سوکینیڈین شہری لاہوراور3 سو کراچی ائیرپورٹ سے خصوصی طیاروں پر روانہ ہوئے۔ کرچی سے پرواز پی کے 781 جب کہ لاہور سے پی کے 789 کینیڈا کیلئے روانہ ہوئی۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا کہ پروازوں کی مانیٹرنگ کیلئے پی آئی اے کی اعلیٰ انتظامیہ خود ائیرپورٹ پر موجود تھی اورروانگی سے قبل مسافروں کی جامع اسکریننگ اور سامان کو ڈس انفیکٹ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں خصوصی پروازوں کو گزشتہ روز اڑان کے لیے اجازت ملی تھی اور کینیڈا سے دونوں پروازیں خالی آئیں گی۔


متعلقہ خبریں