وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بین الاقوامی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں۔

قطری ڈپٹی وزیر اعظم اور ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کے درمیان عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے  سے متعلق تبادلہ خیال  کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لیے قطر کے بروقت اقدامات قابل ستائش ہیں۔

وزیر خارجہ نے محمد بن عبدالرحمان التھانی کو مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان امن معاہدہ: شاہ محمود قریشی کی دوحہ میں اہم ملاقاتیں

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آٹھ ماہ سے  مسلسل کرفیو جاری ہے، کرفیو کے باعث وہاں ادویات اور خوراک کی  شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے پابندیوں کو ہٹایا جانا ناگزیر ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان امریکہ اور طالبان  امن معاہدے پر بھی تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں نے اس امن معاہدے کو افغانستان میں قیام امن کیلئے سنگ میل قرار دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکہ، طالبان امن معاہدے میں قطر کے کردار کی تعریف بھی کی۔

وزیر خارجہ نے سیکریٹری سارک جنرل ایسالا رووان ویراکون سےبھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

گفتگو کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاؤن وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیر خارجہ 

وزیر خارجہ نے ایسالا رووان ویراکون کو چودھویں سیکریٹری جنرل سارک کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ آپ کی ماہرانہ سربراہی سے سارک عمل متحرک اور فعال ہو گا،

شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان چاہتا ہے سارک وزرائے صحت کی ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کیا جائے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی”سارک کووڈ19 ایمرجنسی فنڈ کے قیام کی بھی تجویز۔

انہوں نے کہا کہ فنڈ سے متعلقہ قواعد و ضوابط کو ممبر ممالک کی مشاورت سے طے کیا جانا چاہیے۔


متعلقہ خبریں