ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق

فائل فوٹو


تہران : ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ ڈاکٹرعلی لاریجانی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد لاریجانی قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کورونا وائرس کے باعث ایران میں اب تک تین ہزار ایک سو ساٹھ افراد جاں بحق جبکہ پچاس ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا: ایران میں 21.3 ارب یورو کے ریلیف پیکج کا اعلان

ایرانی وزارت صحت کے مطابق مل بھر میں کورونا وائرس کے 16 ہزار  سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایران کورونا وبا سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔

ایران نے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے امریکہ سے پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم امریکہ نے پابندیاں اٹھانے سے انکار کیا۔

گزشتہ دنوں  32 امریکی اراکین کانگریس نے ایران سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق برنی سینڈرز سمیت دیگر ارکان کانگریس نے امریکی وزیرخارجہ اور وزیرخزانہ کو خط لکھ دیا۔

اراکین نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سخت پابندیاں ایران میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکہ میں کورونا سے ایک سے دو لاکھ 40 ہزار اموات کا خدشہ

خط میں مزید کہا گیا کہ امریکہ ایران تنازعہ کورونا سے پریشان معصوم لوگوں کی مدد میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

اس سے قبل امریکہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ ایران پر پابندی میں نرمی پر از سر نوغور کر سکتا ہے لیکن امریکہ کی پابندیاں خوراک اور ادویات پر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکیوں کے لیے آئندہ 2 ہفتے مشکل اور تکلیف دہ ہوں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے جواباً امریکہ پر طبی دہشت گرد ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں