نمازکی ادائیگی سے روکنے پر تصادم،متعدد زخمی، خطیب گرفتار


کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے آنے والے عوام اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ مسجد کے خطیب سمیت چار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق شہریوں نے نمازجمعہ کی ادائیگی سے روکنے پر پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت چار اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تصادم کے بعد شہریوں نے پولیس کو اپنے گھروں میں پناہ دی اور مشتعل عوام سے بچایا۔ پولیس نے امام مسجد رحیم داد سمیت کمیٹی کے دو ارکان کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

مسجد انتظامیہ اور بلوا کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پولیس نے مسجد انتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی لیاقت آباد پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے پنجاب اور سندھ حکومت نے مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے اور نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے بھی پانچ سے زائد افراد کو مسجد میں جمع ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نےعوام کو نمازجمعہ گھروں میں ادا کرنے کی تلقین کی ہے جب کہ جامعہ بنوریہ اور جامعہ نعیمیہ نے بھی نماز گھر میں ادا کرنے کا فتویٰ جاری کیا ہے۔


متعلقہ خبریں