ویسٹ انڈیزکو وائٹ واش،پاکستان کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن مستحکم


کراچی: تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریزمیں مہمان ویسٹ انڈیز کووائٹ واش کرنے والی قومی ٹیم نے ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹی ٹوینٹی منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا جس میں شاہینوں نے کامیابی اپنے نام کی۔

سیریز کےآخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو جیت کے لئے 154 رنز کا ہدف دیا۔  ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے فلیچر 52، مارلن سیموئلز 21 اور دنیش رام دین 42 رنز بناکرنمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز، فہیم اشرف اور عثمان شنواری کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستان سپر لیگ تھری میں شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرنے والے سترہ سالہ شاہین آفریدی نے ڈیبیو کیا تاہم وہ کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

154 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغازکیا تو بابر اعظم اور فخر زمان نے عمدہ بلے بازی سے میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔

فخر زمان نے سترہ گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائےاور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بابراعظم نے ایک اور نصف سنچری بنائی اور چالیس گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

حسین طلعت نے 21 اور آصف علی نے 25 رنز بنا کر 17ویں اوور میں  کامیابی اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔ یوں پاکستان نے آٹھ وکٹوں سے میچ جیت کر ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کر دیا۔

پاکستان نے سیریز تین صفر سے جیت کر ٹی ٹوئنٹی میں کسی ٹیم کو دوبار تین صفر سے شکست دینے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق پاکستان مختصر فارمیٹ کے کھیل کی نمبر ون ٹیم کی پوزیشن پر برقرار ہے۔ حالیہ کامیابی کے بعد اسے آسٹریلیا کے مقابلے میں 4 ریٹنگ پوائنٹس کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں