ریلوے کو ہر ہفتے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا ہے، شیخ رشید احمد


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کو ہر ہفتے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جلد 150 ارب روپے عوام کو منتقل ہونا شروع ہو جائیں گے۔ کچھ عناصر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے نہیں دیکھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ناراض دوستوں کو صلح کی دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اس ملک کو مل کر بحران سے نکالیں اور کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے متحد ہو جائیں یہ وقت جنگ عظیم سے بھی سخت ہے اس پر سیاست نہ کی جائے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کی بات کی تو ہم فوری طور پر 20 ٹرینیں چلائیں گے تاہم لاک ڈاون کے حکومتی فیصلے کے پابند ہیں۔ ہم نے آخری 2 روز میں 40 ٹرینوں سے ایک لاکھ 65 ہزار مسافروں کو منتقل کیا تھا۔

ٹائیگر فورس سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے پاس مالی اختیارات سمیت کوئی اختیارات نہیں ہیں وہ صرف خدمت کا جذبہ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے آگے بیٹھ کر تنقید نہ کی جائے بلکہ سب اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔ لیپ ٹاپ پر سیاست کرنے والوں کا وقت ختم ہو چکاہے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کرنے پر مشیر خزانہ کا مشکور ہوں جبکہ پاکستان ریلوے کا کوئی ملازم کورونا کا شکار نہیں ہے جبکہ 50 سال سے زیادہ عمر کے ملازمین کو چھٹی دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں لاک ڈاؤن ہٹانے میں جلدی نہ کریں، عالمی ادارہ صحت

تبلیغی جماعت اور زائرین کو تنقید کا نشانہ بنانے سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تبلیغی جماعت اور زائرین کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے ان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کو پاکستان کی اکانومی میں ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے اور اس وقت ریلوے کو ہر ہفتے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں