ذوالفقار علی بھٹو کی برسی: آج میں اکیلا دعا مانگنے کے لئے گڑھی خدا بخش آیا ہوں، بلاول


کراچی:  چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر کہا ہے کہ آج میں اکیلا دعا مانگنے کے لئے گڑھی خدا بخش آیا ہوں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرے اکیلے گڑھی خدا بخش آکر دعا مانگنے کی وجہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ چار اپریل کو ملک بھر سے لاکھوں پی پی پی کے جیالے گڑھی خدابخش جمع ہوتے تھے۔ لاکھوں افراد ہر سال شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید کو چار اپریل کو گڑھی خدا بخش میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں

انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نطر دنیا بھر کی حکومتیں اپنے عوام کی زندگیوں اور صحت کو بچانے کے لیے مشکل فیصلے کررہی ہیں۔ پاکستان میں بھی آپ کی زندگی کو بچانے اور صحت کے تحفظ کے لئے مشکل فیصلے لیے جارہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ان پاکستانیوں کا شکرگزار ہوں کہ جو اس مشکل وقت میں امداد دے کر اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام غریبوں کی مدد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مختلف فلاحی اداروں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ سندھ حکومت کوشش کررہی ہے کہ تمام مستحقین کو راشن پہنچاسکے۔ سندھ حکومت نے کوشش کی ہے کہ غریب عوام کم سے کم مشکلات سے دوچار ہوں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی ادارہ اس بحران میں کسی کو بے روزگار نہیں کرسکتا ہے۔ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس بحران میں ادارے ملازمین کو پوری تنخواہ ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا کا خطرہ، ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کا جلسہ ملتوی

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت زکوۃ کی رقم مستحقین میں تقسیم کرچکی ہے۔ سندھ حکومت فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر عوام تک راشن پہنچارہی ہے۔ ہم اکیلے یہ کام نہیں کرسکتے، ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو  نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ اگر آپ امداد کرسکتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم غریب عوام کا خیال رکھ سکیں۔ اس وقت سب سے اہم تقاضا اپنی صحت اور زندگی کا خیال رکھنا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گھروں میں محدود رہ کر اور ڈاکٹروں کے مشورے کو مان کر آپ خود کی زندگی کو بھی محفوظ بناسکتے ہیں اور دوسروں کی بھی۔ یہ بھی ضروری ہے کہ فرنٹ لائن پر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے والے طبی عملے پر بھی کم سے کم بوجھ ہو۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ کامیابی اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب پاکستان کے عوام ہمارے ساتھ مل کر اس بحران کا مقابلہ کریں۔۔یہ وقت ہے کہ ہم آپس کی لڑائی بھول کر ایک ہوجائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جیسے جنگ اور قدرتی آفات میں ہم سب ایک ہوجاتے ہیں، اس وقت ایسے ہی اتحاد کی ضرورت ہے۔ آج ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے، صوبے وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ صوبے پرامید ہیں کہ وفاق سب کو برابری کی بنیاد پر ڈیل کرکے ضروریات پوری کرے گا۔ ہر صوبے کی وفاق نے مدد کرنا ہوگی، ٹیسٹنگ کٹس پہنچانا ہوں گی۔ وفاق نے ہر صوبے کے ڈاکٹرز کے لئے حفاظتی لباس پہنچانا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کو ہر صوبے کے بیمار افراد کے لیے وینٹی لیٹرز پہنچانا ہوں گے۔ ہم سب کو مل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہوگا جو ایک دوسرے کی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔ حکومت کی تجاویز کو مانتے ہوئے گھر پر رہیں اور سماجی فاصلے کو اختیار کریں۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر آپ کسی مستحق کی امداد کرسکتے ہیں تو آپ کو ضرور اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہم آپ سب کی مدد سے اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔

اس سے قبل پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے گڑھی خدابخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 41 ویں برسی پر ان کے مزار پر پھول چڑھائے۔ پی پی پی چیئرمین نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہداء کی مزاروں پر بھی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔


متعلقہ خبریں