ڈیجیٹل گیمنگ کی منفرد ترین پیشکش، نینٹینڈو لیبو جلد منظر عام پر


اسلام آباد: نینٹنڈو کی جانب سے ایک ایسا منفرد اور جدید گیم تیار کیا جارہا ہے جس میں ڈیجیٹل گیمنگ کے شوقین افراد کے لیے نہایت دلچسپ اورمنفرد آپشنز دیئے گئے ہیں۔

نئے فیچر کے بعد نینٹینڈو کے صارفین اب اپنی مرضی اور پسند کے گیمز بنا اور کھیل سکیں گے۔ ”نینٹنڈو لیبو” 20 اپریل کو لانچ کیا جا رہا ہے لیکن یہ ماضی میں متعارف کروائی گئی گیمز سے منفرد چیز ثابت ہو گی۔

نینٹنڈو لیبو:

بنیادی طور پر”نینٹنڈو لیبو” گیمز کے مخلتف سیٹس ہیں جس میں کچھ کارڈ بورڈز شیٹس دی گئی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے ابھی صرف چند کٹس مارکیٹ میں لائی جائیں گی۔ جس میں گھر، کار، پیانو، موٹر بائیک اور مچھلی پکڑنے کی راڈ بنانے کا سامان ہوگا، تاہم بعد میں ان میں اضافہ کردیا جائے گا۔

نینٹینڈو نے کارڈ بورڈ سے بنے نئے گیمنگ ٹولز کو ” ٹوائے کون” کا نام دیا ہے۔

اس گیم کی منفرد بات یہ ہے کہ ان شیٹس کو بنانے کے بعد انہیں ” نینٹنڈوسوئچ ” سے جوڑ دیا جائے گا جس کے بعد آپ اسے بالکل ایسے کھیل سکیں گے جیسے وہ چیز وہیں موجود ہے۔

آپ نے کارڈ بورڈ سے بائیک کے ہینڈلز بنائے اور پھر اسے نینٹنڈو سوئچ سے جوڑدیا، اب اس کی ہر حرکت آپ کے ہاتھ میں موجود بائیک کے ہینڈلز کے ذریعے ہوگی۔

اسی طرح مچھلی پکڑنے کی راڈ، کار کا اسٹیرنگ، گھراور پیانو بھی کام کریں گے اور مزے کی بات تو یہ ہے کہ یہ سب بنانے کے لیے کسی گلو کی ضرورت بھی نہیں۔

”نینٹنڈو لیبو” میں صارفین کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ ” ٹوائے کون ” کو کس طرح بنایا جائے اور یہ کیسے کام کریں گے۔ کپمنی کی جانب سے گیم کو تین حصوں یعنی بنائیں، کھیلیں اور دریافت کریں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اس گیم کے لیے کمپنی کی جانب سے مختلف نینٹنڈو لیبو کٹس تیار کی گئیں ہیں۔ جن میں کارڈ بورڈز، مارکرز، اسٹیکرز، ٹیپ سمیت ضروری سامان شامل ہوگا اورا س میں ایک بیلک کینوس بھی موجود ہوگا۔

رواں ماہ لانچ ہونے والے نینٹنڈو لیبو کی قیمت 70 سے 80 ڈالرز کے درمیان ہوگی۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا ویڈیو گیم ہوگا جس میں گیمرز اپنے ہاتھوں سے کارڈ بورڈ کی بنائی چیزوں کو اصل زندگی میں چلا رہے ہوں گے۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ گیمنگ ٹیکنالوجی کی دنیا میں یہ ایک منفرد اور انوکھا اضافہ ہوگا۔ نینٹنڈو سوئچ پہلے ہی صارفین میں بہت مقبول ہے جس کی ایک وجہ اس کی مناسب قیمت بھی ہے۔ دوسری گیمنگ کمپنیوں کے مقابلے میں نینٹنڈو کی گیمنگ ڈیوائسز کی قیمتیں ایسی ہوتی ہیں کہ اسے کم آمدنی والے افراد بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

یقینی طور پر نینٹنڈو سوئچ کے بعد نینٹنڈو لیبو کی آمد گیمز کے دیوانوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔

نینٹنڈو سوئچ:

بنیادی طور پر”نینٹنڈو سوئچ” اس ڈیوائس کو کہتے ہیں جس کے ذریعے ویڈیو گیمز کھلیے جاسکیں۔ یہ بالکل ویسی ہی ڈیوائس ہوتی ہے جیسے سونی کا ”پلے اسٹیشن” یا مائیکروسوفٹ کا ”ایکس بکس”۔

نینٹینڈو لیبو کا انتظار کیجئے! کیونکہ یہ یقینی طور پر آپ کو ڈیجیٹل گیمنگ کی دنیا میں ایک نئے تجربے سے متعارف کروائے گا۔


متعلقہ خبریں