کورونا: دنیا بھر میں ماسک کے استعمال کی اہمیت بڑھ گئی

آئیے ! ماسک پہنیں ، کورونا سے بچاؤ کریں

اسلام ااباد: ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا جانا چاہیے یا نہیں؟ اس سوال پرامریکہ اورمغربی ممالک میں بحت پوری شدت سے جاری ہے لیکن دستیاب اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ جن ممالک میں ماسک کا استعمال کیا گیا وہاں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کا پھیلاؤ ان مماک کی نسبت کم ہوا جہاں ماسک کے استعمال کو لازمی نہیں سمجھا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق دنیا بھر کے دستیاب اعداد و شمار گواہی دیتے ہیں کہ جن ممالک کی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا وہاں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ہوا۔

شہریوں کو ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دینے والے ممالک میں جنوبی کوریا، جاپان، ہانگ کانگ اور سنگاپور شامل ہیں۔

کورونا وائرس سے اس وقت اٹلی، فرانس، برطانیہ اور امریکہ سب سے زیادہ متاثر دکھائی دیتے ہیں۔ ان ممالک کی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو ماسک پہننے کی نہ ہدایات دیں اورنہ انہیں ترغیب دلائی۔

کورنا متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد امریکہ میں رپورٹ ہوئی ہے جو تین لاکھ گیارہ ہزار 357 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کی بدولت آٹھ ہزار 452 امریکی دار فانی سے کوچ بھی کرچکے ہیں۔ کورونا وائرس کی امریکہ میں پھیلتی تباہ کاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ایک دن میں 839 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اب اپنے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا ہے بلکہ انہوں نے تو یہاں تک کہا ہے کہ اگر ماسک نہیں ہیں تو اسکارف ہی استعمال کرلیں۔

درج بالا اعداد و شمار کی نسبت جنوبی کوریا، جاپان اور سنگاپور میں 250 افراد نے دار فانی سے کوچ کیا ہے جب کہ ان ممالک کی آبادی 18 کروڑ سے زائد ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ان تینوں ممالک میں تقریباً 14 ہزار 500 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق برطانوی حکومت کا اس ضمن میں استدلال ہے کہ عام ماسک کورونا وائرس سے تحفظ فراہم نہیں کرتے ہیں جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ماسک استعمال کرنے والے دوسروں کو کورونا وائرس منتقل نہیں کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ماسک کے استعمال کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اسے پہننے والا اپنے منہ، چہرے اور ناک کو بھی نہیں چھوتا ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکانات مزید کم ہو جاتے ہیں۔

قطع نظر اس بات کے کہ امریکہ اور مغربی ممالک میں جاری بحث کا کیا نتیجہ نکلتا ہے، دستیاب اعداد و شمار تو اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ دنیا میں ماسک کی اہمیت بڑھ گئی ہے یعنی ماسک لگاؤ- کورونا سے بچاؤ۔


متعلقہ خبریں