نایاب کالے ہرنوں کا شکار، سلمان خان کو 5 سال قید 10 ہزار جرمانہ


جودھپور: بھارتی عدالت نے نایاب کالے ہرنوں کے شکار کے 19 سال پرانے مقدمے میں بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو پانچ قید اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

بھارتی ریاست راجھستان کے شہر جودھپور کی عدالت نے مقدمے کے شریک ملزمان سیف علی خان، سونالی باندرے، نیلم اور تبو کو بری کر دیا۔

سلمان خان کو وائلڈ لائف (تحفظ جنگلی حیاتیات) ایکٹ کی شق 51 کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے۔ اس شق کے تحت زیادہ سے زیادہ چھ سال کی سزائے قید دی جا سکتی ہے۔

29 مارچ کو مجسٹریٹ دیوکمار کھتری کی عدالت نے مقدمے کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ پانچ اپریل کو فیصلہ سنانے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ تمام ملزمان عدالت میں حاضر ہوں۔

نایاب کالے ہرنوں کا غیرقانونی شکار کرنے کے مقدمے میں سلمان خان اور دیگر اداکاروں کے علاوہ سلمان کے سابق اسسٹنٹ شنیت گاورے اورٹریول ایجنٹ دہشیانت بھی شریک ملزم قرار دیئے گئے تھے۔

فیصلے سے قبل جودھپور پولیس نے عدالت کے اردگرد سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے۔ مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ حفاظتی انتظامات کے تحت سیکیورٹی کی تین سطحیں قائم کی گئی ہیں۔

سلمان خان پر شکار کے لیے غیر قانونی اسلحے کے استعمال کا بھی الزام تھا۔ اس مقدمے کی وجہ سے بالی وڈ اسٹار کو 1998 اور 2007  میں جیل بھی جانا پڑا تھا۔

19 برس قبل یکم اکتوبر 1998 کو فلم”ہم تم ساتھ ساتھ” کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے کالے نایاب ہرنوں کا شکار کیا تھا۔ اس وقت سلمان کے ہمراہ ان کے اسسٹنٹ، ٹریول ایجنٹ اور دیگر فلمی ستارے سیف علی خان، سونالی بندرے، نیلم اور تبو بھی موجود تھے۔

یہ مقدمہ  2 اکتوبر 1998 کو ٹرائل کورٹ میں درج کیا گیا تھا۔

2006 میں ملزم کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی تھی جس کے بعد مقدمے کے دونوں فریقین نے سیشن اور ہائی کورٹس میں اپیلیں دائر کیں۔ اس کے بعد مقدمے کی سماعت سات سال تک معطل رہی۔

مارچ 2013 میں ٹرائل کورٹ نے ملزمان کے خلاف عائد کردہ الزامات پر نظرثانی کی۔ مئی 2013 میں چیف ٹرائل کورٹ میں سماعت شروع ہوئی۔

جنوری 2013 میں 28 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا عمل مکمل ہوا۔ جس کے بعد 27 جنوری 2017 کو ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر اپنے بیانات ریکارڈ کروائے۔

13 ستمبر 2017 کو استغاثہ جب کہ 28 اکتوبر 2017 کو وکلاء صفائی کے حتمی دلائل شروع کئے گئے۔ ٹرائل کورٹ میں دلائل کا یہ عمل 24 مارچ 2018 کو مکمل ہوا۔

سیاہ کمر اور سفید پیٹ رکھنے والا کالا ہرن ایک ایسا نایاب جانور تسلیم کیا جاتا ہے جس کی نسل دنیا سے ناپید ہوتی جارہی ہے۔ اسی سبب کالے ہرن کے شکار پر انتہائی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

عدالتی فیصلہ سننے کے لئے سیف علی خان، سونالی باندرے اور تبو جمعرات کے روز ممبئی سے راجھستان روانہ ہوئے۔ عدالتی فیصلے کے وقت اپنی موجودگی یقینی بنانے کے لئے سلمان خان خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے جمعرات کی صبح ممبئی پہنچے۔ وہ ابوظہبی میں ’ریس 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

عدالتی فیصلہ سننے کے لئے سلمان خان کی بہنیں ارپیتا اورالویرا بھی راجھستان پہنچی تھیں۔


متعلقہ خبریں