کورونا وبا کے اولین مرکز ووہان سے لاک ڈاؤن ختم


بیجنگ: کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد پہلی مرتبہ چین نے ووہان شہر سے لاک ڈاؤن ختم کرتے ہوئے 11 ہفتوں کے بعد لوگوں کو نکلنے کی اجازت دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نیویارک ٹائمز کے مطابق جنوری کے بعد پہلی مرتبہ چین میں کورونا وائرس سے ہلاکت کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

خیال رہے کہ ووہان سے پھوٹنے والی وبا سے چین سمیت دنیا بھر ہزاروں ہلاکتیں ہوئی ہیں، اب تک دنیا بھر میں اموات کی تعداد 78 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف ریاستوں میں مزید 902 افراد ہلاک ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں ہلاکتوں کی کل تعداد 11 ہزار 781 ہوگئی ہے۔ امریکہ میں 3 لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا سے مزید چار سو انتالیس افراد جاں بحق ہوگئے اور مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 6,159 ہوگئی ہے۔ برطانیہ میں 55,242 افراد  میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اٹلی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چھ سو چھتیس افراد چل بسے ہیں اورمرنے والوں کی مجموعی تعداد ساڑھے سولہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ایک لاکھ بتیس ہزار سے زائد افراد مہلک وائرس سے متاثر ہیں۔

اسپین میں اٹلی سے بھی زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ایک روز میں مزید سات سوسے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور مجموعی ہلاکتیں تیرہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔ اسپین میں ایک لاکھ پینتیس ہزار سے زائد افراد کوروناوائرس سے متاثر ہیں۔

فرانس میں مزید آٹھ  سو تینتیس افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے اور مجموعی طور پر 8,911 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سعودی عرب میں کورونا سے مزید چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد اڑتیس ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ  مریضوں  کی تعداد  دو ہزارچھ  سو سے تجاوز کر گئی ہے۔


متعلقہ خبریں