جرمنی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی

فائل فوٹو


برلن: جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جرمنی میں کورونا وبا سے اموات میں کمی کی ایک بڑی وجہ وسیع پیمانے پر ہونے والی ٹیسٹنگ ہے۔ جرمنی میں ہر ہفتے ساڑھے 3 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

جرمنی میں کورونا وائرس سے اب تک 2 ہزارسے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

جرمنی سے قبل اسپین، اٹلی اور فرانس میں بھی متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ چکی ہے جبکہ امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات 82 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 2 ہزار ہو گئی ہے۔

کورونا نے اٹلی، فرانس، امریکہ، برطانیہ اور اسپین میں تباہی مچا دی ہے جہاں ایک ہی روز میں پانچ ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ پانچ ممالک میں اب تک ساٹھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

چین نے کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے جہاں کورونا وائرس کے مرکز ووہان میں چھہتر روزہ لاک ڈاون ختم کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس پر عالمی ادارہ صحت نے تاخیر سے ایکشن لیا، امریکی صدر

امریکہ میں مسلسل پانچویں روز ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید ایک ہزار نو سو ستر افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ امریکہ میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد بارہ ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

فرانس میں ایک روز میں چودہ سو سے زائد افراد کورونا سے چل بسے ہیں اور مجموعی طور پر دس ہزار تین سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ایک لاکھ  دس ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں