وزڈن نے بین اسٹوکس کو دنیا کا بہترین کرکٹر قرار دے دیا


لندن: کرکٹ کی بائبل تصور کیے جانے والے میگزین وزڈن نے انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو دنیا کا بہترین کرکٹر قرار دے دیا ہے۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق وزڈن کے آج شائع ہونے والے نئے ایڈیشن میں بین اسٹوکس کو کرکٹ کے عالی کپ 2019 میں انگلینڈ کو اپنی آل راونڈ پرفارمنس سے ٹرافی جتوانے اور آسٹریلیا کے خلاف ایشیز سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

بین اسٹوکس نے یہ اعزاز بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے چھینا ہے جو مسلسل تین مرتبہ وزڈن کرکٹر آف دی ایئر قرار دیئے جا چکے ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے سابق آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹاف نے 2005 میں وزڈن کا یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

آئی سی سی نے کھلاڑیوں اور گھریلو اشیا کے نام ملا کر کرکٹ ٹیم بنا دی

وزڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ نے اس ضمن میں لکھا ہے کہ بین اسٹاک نے محض دو ہفتوں کے دوران دو مرتبہ اپنی زندگی کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے عالمی کپ کے فائنل میں اسٹوکس نے اپنے ٹیلنٹ اور اچھی قسمت کے امتزاج سے انگلینڈ کو پہلی مرتبہ فتح دلائی اور اس کے بعد ایشز سیریز میں اپنی ناقابل شکست سنچری کی بدولٹ ٹیسٹ میچ میں فتح سے ہمکنار کیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کی کھلاڑی ایلسیا پیری کو خواتین کی بہترین کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راؤنڈر آنڈرے رسل کو دیا گیا۔

سال کے دیگر بہترین کرکٹر کی فہرست میں انگلینڈ کے جوفرا آرچر، آسٹریلیا پیٹ کمنز، جنوبی افریقہ کے سائمن ہارمر اور آسٹریلیا کے نوجوان بلے باز مارکس لیبوشینگ بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں