افغان حکومت نے 100 طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا


کابل: افغان طالبان کی جانب سے مذاکرات ختم کرنے کے اعلان کے ایک دن بعد افغان حکومت نے 100 طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرا کے مطابق افغان نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے بتایا ہےکہ امن مذاکرات کے تحت قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

طالبان کی جانب سے افغان حکومت پر یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ امریکہ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت طالبان قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے سے قیدیوں کی رہائی اور بین الافغان مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی تھی۔

واضح رہے کہ 29 فروری کو دوحہ میں ہونے والے طالبان امریکہ مذاکرات میں 5 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ بھی طے پایا تھا تاہم افغان صدر کی جانب سے طالبان قیدیوں کو رہا نہ کرنے کے فیصلے کے بعد طالبان نے افغان حکومت پر دوبارہ حملوں کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں قندوز میں طالبان کا حملہ، 16 فوجی اہلکار ہلاک

طالبان کا کہنا تھا کہ وہ افغان فوج کے خلاف لڑیں گے لیکن غیر ملکی افواج کو نشانہ نہیں بنائیں گے۔ طالبان نے واضح کیا تھا کہ اگر ہمارے قیدیوں کو رہا نہ کیا گیا تو ہم مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے۔

 


متعلقہ خبریں