سندھ: ایک ہی خاندان کے7 افرادکورونا سے متاثر، مجموعی تعداد1128ہوگئی

اچانک دورہ کروں گا، وزیر اعلیٰ سندھ کا اعلان

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تصدیق کی ہے کہ ایک ہی خاندان کے سات افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کی کچی آبادی میں فیملی کا سربراہ باہر سے وائرس لےکرگھر گیا اور اب پورے خاندان بشمول ایک سال کا بیٹا اور 6 سال کی بیٹی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے تلقین کی کہ کچی آبادی میں رہنے والے بہن بھائی راشن اور امداد ضرور لیں لیکن راشن اور امداد کے ساتھ کورونا وائرس گھر نہ لے جائیں۔ راشن یا امداد لیتے وقت ایک دوسرے سے فاصلہ ضرور اختیار کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گزشتہ24 گھنٹوں میں 642 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 92کیسز ظاہر ہوئے۔ سندھ میں 349 مریض صحت یاب ہوئے جو متاثرہ افراد کا 31 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب اموات کی شرح 1.8 فیصد ہے۔ گھروں میں 436 اوراسپتالوں 59 مریض زیر علاج ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا سے مزید ایک شخص کی جان چلی گئی ہے اور صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے مزید 92 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اور سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 1128 تک پہنچ چکی ہے۔

 


متعلقہ خبریں