عمر اکمل کا معاملہ ڈسپلنری پینل کے سپرد


لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معطلی کا سامنا کرنے والے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کا معاملہ چیئرمین ڈسپلنری پینل کے سپرد کر دیا ہے۔

پی سی بی نے جاری پریس ریلیز میں کہا ہے کہ عمر اکمل نے اینٹی کرپشن ٹریبونل کے سامنے سماعت کی درخواست نہیں کی، جس کے بعد معاملہ ڈسپلنری پینل کے حوالے کیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق ڈسپلنری پینل کے چیئرمین لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج فضل میراں ہوں گے۔ چیئرمین ڈسپلنری پینل نوٹس آف چارج میں جرائم کی تصدیق کے بعد فیصلہ سنائیں گے۔

مزید پڑھیں: غیر ملکی فٹنس ٹرینر کی موجودگی میں عمر اکمل کی نازیبا حرکت

خیال رہے کہ 26 فروری کو پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مڈل آرڈر بلے بازعمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت معطل کر دیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا بورڈ اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل عمراکمل کوڈ آف کنڈکٹ کے ایک کیس میں بری ہوئے جب بورڈ نے معاملے کو ایک غلط فہمی قرار دے کر ختم کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں