فیاض الحسن چوہان کا صحافیوں کیلئے کورونا پیکج لانے کا اعلان


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ صحافتی برادری کے لیے کورونا پیکج  لارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا پیکج کے تحت وائرس سے متاثرہ صحافی کو ایک لاکھ روپے جبکہ جاں بحق صحافی کے لواحقین کو 10لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ہمارے ذمہ واجب الادا فنڈز جلد جاری کریں گے اور میڈیا ہاؤسز، اخبار مالکان کو کورونا سے متعلق ایڈوائزری بھیج رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میڈیا سے متعلق 16 فیصد صوبائی ٹیکس کی چھوٹ کے لیے سمری وزیراعلیٰ کو بھیج دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی اجتماعی قبریں

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں وزیراعظم کی ترجیح  غریب اور دیہاڑی دار طبقہ  ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ لوگ  کورونا کے خلاف سنجیدہ ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے بارہا زور دیا ہے کہ احتیاط اس وائرس سے بچاؤ کا واحد حل ہے۔

گزشتہ روز وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا تھاکہ ن لیگ کے دور حکومت میں لیے گئے قرضوں کی تحقیقاتی رپورٹ جلد سامنے لائیں گے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ن لیگ کے 2008 سے 2018 تک دور میں 30000 ارب کا قرضہ قوم پر مسلط کیا گیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد ن لیگی رہنما منہ چھپاتے پھریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما بغلیں بجانے کے بجائےاحتساب کے لیے تیار ہو جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی بھی جماعت پاپولر لیڈر شپ کے بغیر تحریک نہیں چلا سکتی، رانا ثنا اللہ 

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ رانا ثنا اللہ ایک بار پھر موٹی عقل والے ثابت ہوئے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حکومتیں پارٹی لیڈر کے وژن، سوچ اور جدوجہد سے بنتی ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہاز کی بنیاد پر حکومت بنتی تو شاہد خاقان عباسی کے پاس پوری ایئر لائن ہے، اس بنیاد پر ن لیگ کو دو کی بجائےتین تہائی اکثریت سے حکومت بنانی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ آٹا چینی بحران پر مفصل فرانزک رپورٹ 25 اپریل کو عوام کے سامنے لائی جائےگی۔


متعلقہ خبریں