ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے سر کے تاج ہیں، وزیر اعلی پنجاب

فائل: فوٹو


لاہور: وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے سر کے تاج ہیں انہیں ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ ادو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا ہے۔

اس دوران وزیر اعلی ٰ پنجاب نے آئسولیشن وارڈ میں ضروری انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی اور  تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کوٹ ادو کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ ادو کو تمام ممکنہ وسائل دے کر بہتر بنائیں گے۔

خیال رہے کہ آج پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے چاہ میراں بازار مکھن پورہ میں کورونا کے 17 مریض رپورٹ ہونے پر پورا علاقہ ہی قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ اور پولیس نے کورونا کیسز سامنے آنے پر علاقے کو سیل کردیا ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا سے4601 افراد متاثر، 66 ہلاک

ترجمان ضلعی انتظامیہ عمران مقبول نے بتایا ہے کہ علاقے کے ایک سو چوون گھروں کو سیل کر دیا مارکیٹ بھی بند کر دی گئیں۔ سو فیصد لاک ڈاؤن کے بعد پچاس سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کے سیمپل لیے گئےہیں۔

یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں 66 افراد ہلاک اور 4601 متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 31 کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 284 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم کرنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ملک میں عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہے اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔


متعلقہ خبریں