شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

فوٹو: فائل


راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں سپاہی مومن شاہ جن کا تعلق ڈی آئی خان  اور محمد ساجد جن کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک، 4 اہلکار شہید

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان اور مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ کارروائی شمالی وزیرستان کے عدل خیل گاؤں میں کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گرد علاقے سے فرار ہوتے ہوئے مارے گئے ہیں جن سے اسلحہ، مواصلاتی آلات برآمد کر لیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مہمند میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے بھارتی ادویات، لٹریچر اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

خیال رہے کہ چار ہفتے قبل شمالی وزیرستان کےعلاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 7 دہشتگرد ہلاک اور چار اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ خفیہ انٹیلی جنس رپورٹ پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے7 دہشتگرد ہلاک کردیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوا۔

مزید پڑھیں: آپریشن ردالفساد کے تین سال: ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد انٹیلی جینس آپریشنز

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان، لانس نائیک قمر ندیم، سپاہی محمد قاسم اور سپاہی توصیف شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

 


متعلقہ خبریں