طاہر شاہ کا ’فرشتہ‘ آگیا، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

طاہر شاہ کا ’فرشتہ‘ آگیا، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

معروف گلوکار طاہر شاہ کے گانے ’فرشتہ‘ نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ’دھوم‘ مچا دی اور ’طاہر شاہ‘ اور ’فرشتہ‘ پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ بن گئے۔

معروف گلوکار نے اپنا نیا گانا ریلیز ہونے کی نوید سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سنائی تو دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں لوگوں نے اس گانے کو دیکھ لیا۔

گلوکار و اداکار طاہر شاہ کو اپنے گانوں ’آئی ٹو آئی‘ اور ’اینجل‘ کی وجہ سے ’منفرد‘ قسم کی شہرت حاصل ہے اور ’فرشتہ‘ دراصل طاہر شاہ کے گانے ’اینجل‘ کا اردو ورژن ہے۔

لیکن دلچسپ بات یہ تھی کہ یوٹیوب پر گانے کو پسند کرنے والوں سے زیادہ لوگوں نے گانے کو ڈس لائک کیا۔

گانا یوٹیوب پر ریلیز ہوئے 12 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ اسے قریباً ایک لاکھ افراد سن چکے تھے۔ ’فرشتہ‘ دیکھنے والے 4 ہزار 6 سو افراد نے ویڈیو کیلئے ناپسندیدگی کا اظہار کیا جب کہ صرف 2 ہزار 4 سو لوگوں نے اسے پسند کیا۔

طاہر شاہ کے گانے کو جہاں سوشل میڈیا پر پسند کیا گیا وہیں کئی لوگوں نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

کسی نے کہا کہ حکومت اس گانے کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرے تو کسی نے کہا کہ حکومت اس گانے کو سڑکوں پر چلائے تاکہ لوگ گھروں میں رہیں۔

’فرشتہ‘ کے بارے میں دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’فرشتہ‘ سننے کے بعد فرشتے کہہ رہے ہیں کہ ’اس دنیا سے چلے جانے کا وقت آگیا ہے۔

حماد نامی صارف نے 2020 کی ٹائم لائن بنائی اور لکھا کہ جنوری میں تیسری جنگ عظیم، فروری میں آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ، مارچ میں کورونا وائرس آیا اور اپریل میں طاہر شاہ کا ’فرشتہ‘ آگیا۔

ایک صارف نے طاہر شاہ اور کورونا کی تصویر لگا کر لکھا کہ کورونا نے کہا کہ میں اس سال رونما ہونے والا بدترین واقعہ ہوں جواباً طاہر شاہ نے کہا یہ دیکھو میرا ’فرشتہ‘۔

ایک اور ٹویٹ میں عالمی رہنماؤں باراک اوبامہ، ولادی میر پیوٹن وغیرہ کو روتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی تحریر کیا گیا ہے کہ ’فرشتہ‘ سننے کے بعد ان کا یہ حال ہو گیا ہے۔


فیضان نامی ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹویٹ میں طاہر شاہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرتے دکھایا ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ ’قوم کے لیے ایک ہی وائرس کافی تھا، دوسرے کی کیا ضرورت تھی؟‘۔

ایک اور صارف نے طاہر شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ گانے میں آپ کی جھلک نظر نہیں آئی جس کی وجہ سے ہم مایوسی کا شکار ہیں۔

رضوان زیدی نے مزاحیہ انداز میںلکھا کہ کیا یہ صرف میں ہی ہوں جسے ’فرشتہ‘ پسند آیا ہے؟ کیا یہ معاشرہ مجھے قبول کر لے گاَ؟

پانڈے جی نے گانے کے لیے اپنی پندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ شکریہ طاہر شاہ ہمیں اس گانے کی ضرورت تھی۔

طاہر شاہ کے نئے گانے “فرشتہ” کی ویڈیو مکمل طور پر اینیمیٹڈ ہے جس کا دورانیہ 5 منٹ 44 سیکنڈ ہے۔


متعلقہ خبریں