ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ہر طرح سے مدد کی کوشش کریں گے، شہباز شریف

فوٹو: فائل


لاہور: قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ہم ا ن کی ہر طرح سے مدد کی کوشش کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیرِ صدارت آج  فلاحی اور امدادی کاموں سے متعلق پارٹی کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے میں حفاظتی کٹس کی تقسیم جاری ہے،  کوشش ہے ان کو ضروری ساز وسامان کی فراہمی کو مزید تیز کریں۔

یہ بھی پڑھیں 70 سال سے صحت کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ امتحان کے وقت میں اتحاد، نظم وضبط، حسن تدبیر اور احتیاط ہمارے ہتھیار ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا  کہ حالات کا تقاضا ہے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ بنیاد پر منعقد کیا جائے اور ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملے اور صوبوں کو حفاظتی لباس، دیگر سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 2 دن میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ شدید پریشانی کا باعث ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد سینکڑوں سے ہزاروں میں تبدیل ہونا سنگین صورتحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت کورونا کے ”ٹرینڈ“ کو سمجھے گی اس وقت تک بہت دیر ہو چکی ہو گی، صوبوں کو نظرانداز کیا جانا مجرمانہ عمل اور بے حسی کی انتہا ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ صوبوں کو وسائل کی فراہمی اور ان کی تقسیم کے طریقہ کار پر تاحال وضاحت نہیں ہوئی ہے۔ فروری میں اسلام آباد سمیت تمام صوبوں نے حفاظتی لباس مانگا لیکن وزیر اعظم نے انکار کر دیا اور صوبے صرف دہائی دیتے رہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ضروری اشیا کی منظوری نہ دے کر مجرمانہ غفلت کی ہے۔ لاک ڈاؤن اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں