پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کورونا وائرس کا مرکز بن سکتا ہے، ورلڈ بینک

World Bank

واشنگٹن: ورلڈ بینک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کورونا وائرس کا مرکز بن سکتا ہے۔

ورلڈ بینک نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں اس خدشے کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا اور دیگر ممالک کی معیشت متاثر ہو گی جبکہ پاکستان میں شرح نمو 2.2 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے درآمدی آرڈرز میں کمی سے ان ملکوں کی معیشت متاثر ہو گی اور صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے حکومتوں کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے 86 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب 108,827 افراد ہلاک اور 17 لاکھ 80 ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔

امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 32 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں آج بھی کورونا سے ایک ہزار 7 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 20  ہزار 5 سو سے تجاوز کر گئی۔

فرانس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے تیرہ سواکتالیس افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 13 ہزار 8 سو سے بڑھ گئی جبکہ ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، ترکی کے بیشتر صوبوں میں کرفیو نافذ

اسپین میں کورونا کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہو چکے اور چوبیس گھنٹوں میں مزید 525 افراد ہلاک ہوئے۔

جرمنی میں کورونا کے ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد مریض موجود ہیں جب کہ 28 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بیلجیم میں 3 ہزار 346 اور  نیڈر لینڈز میں 26 سو سے زائد اموات ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں