بھارت کا ایل او سی پر اشتعال انگیزیوں کا دعویٰ بے بنیاد ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

فوٹو: ہم نیوز


راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت کا ایل او سی پر اشتعال انگیزیوں کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی 15 کور کے کمانڈر کا بی بی سی کو انٹر ویو حقائق کے منافی ہے،بھارتی الزام تراشی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت5 اگست کے غیر آئینی فیصلے کے بعد کی صور تحال سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل  بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے دو شہری زخمی ہو گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ بھارتی فوج نے چری کوٹ اور شکر گڑھ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

بھارتی فوج نے چری کوٹ سیکٹر پر مارٹر گولے برسائے جس کی زد میں آکر سیریان گاؤں کا 35 سالہ شہری زخمی ہو گیا جبکہ شکر گڑھ سیکٹر میں نانگل گاؤں کا 57 سالہ شہری شدید زخمی ہو گیا۔

ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے 48 گھنٹے کے دوران کئی مقامات پر بھاری توپ خانہ اور مارٹر گولے کا استعمال کیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں سال بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی 708 بار خلاف ورزی کر چکا ہے۔ رواں سال بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 شہری شہید اور 42 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں