ڈبلیوسی سی آئی کی جانب سے سلطانہ صدیقی کے لیے ایوارڈ


لاہور: ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ڈبلیو سی سی آئی) کی جانب سے ”ہم ٹی وی نیٹ ورک” کی صدر سلطانہ صدیقی کو”لارل آف آنرز” ایوارڈ دیا گیا ہے۔

خواتین کے ایوانہائے صنعت و تجارت کی جانب سے دیے گئے ایوارڈ کا مقصد سلطانہ صدیقی کی پیشہ ورانہ خدمات کوسراہنا تھا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران ہم ٹی وی نیٹ ورک کی صدر نے گورنر پنجاب رفیق راجوانہ سے اعزاز وصول کیا۔

اپنے مداحوں سمیت قریبی حلقے میں سلطانہ آپا کے نام سے معروف سلطانہ صدیقی پاکستانی میڈیا انڈسٹری میں کامیابی اور معیار کی علامت قرار دی جاتی ہیں۔۔

سلطانہ آپا ایک بہترین کاروباری شخصیت کے علاوہ خواتین کے حقوق کی کارکن اور ایشیا میں کسی ٹی وی نیٹ ورک کی پہلی بانی خاتون ہیں۔ خواتین کی ترقی اور خودمختاری، ٹی وی اور میڈیا انڈسٹری کے لیے ان کی خدمات کو ناصرف پاکستان بلکہ بیرونی ممالک میں بھی پزیرائی حاصل ہے۔

پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک ( پی ٹی وی) کی سابق ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کی خدمات کو قومی اور بین الاقوامی ہرسطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

سلطانہ صدیقی نے 2013 میں دوہا میں منعقد ” یوایس اسلامک ورلڈ فورم” اور 2014 امریکا میں ہونے والے” ویمن لیڈرشپ فورم” میں پاکستان کی نمائندگی کی جب کہ آپا کا شمار 2012 اور 2013 کی ‘سی ای او ایشیا سمٹ’ میں پاکستان کے سو بڑے بزنس لیڈرز میں کیا گیا۔

تقریب میں ماہرتعلیم مسسز نسیم ایم قصوری کو بھی اسی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جب کہ تہمینہ درانی، فوزیہ وقار، عمر لیلا اظہر، سمیرا نظیر صدیقی، فرخ حیسن اور معروف ڈائزینرماریہ بی کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔


متعلقہ خبریں