عمران خان کو نامراد لوٹنا پڑے گا، مولا بخش چانڈیو


کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ طالبان کو بھائی کہنے والے عمران خان کو صوفیوں کی سرزمین سندھ سے نامراد لوٹنا پڑے گا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے دورہء سندھ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ آنا عمران خان کا حق ہے لیکن یہاں سے ملنا کچھ نہیں ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان کوشش ضرور کریں لیکن انہیں بھی نواز شریف کی طرح مایوسی ہوگی۔ سندھ کے لوگ جھوٹ اورمنافقفت کے سوداگروں کو نہیں، نظریے کو ووٹ دیتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کے پی میں دودھ و شہد کی نہروں کا پتا بتائیں اور اگر کوئی یونیورسٹی یا اسپتال بنایا ہے تو اس کا ہی ذکر کرلیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب اپنے دائیں بائیں کرپشن کی مشینوں کو کھڑا کرکے اسی کے خلاف جہاد کا اعلان کررہے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ آصف علی زرداری پر تو کوئی الزام ثابت نہیں ہوا لیکن جن پر ثابت ہوئے وہ خان صاحب کے ساتھ ہیں۔

پی پی پی ترجمان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے ٹھیک کہا ہے کہ یہ الیکشن عمران خان کا آخری الیکشن ہو گا۔ بجھتے دیئے کی طرح عمران خان پھڑپھڑا رہے ہیں لہذا جتنا شور مچا سکتے ہیں مچا لیں۔

مولابخش چانڈیدو نے کہا کہ نیازی صاحب جس پی پی کو نشانہ بنانے چلے ہو اس نے جنرل ضیاالحق، آپ کے استاد جنرل حمید گل اور جنرل پرویز مشرف کا مقابلہ کیا ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔


متعلقہ خبریں