بلوچستان میں مزید 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

کورونا وائرس، صدی کی خطرناک ترین وبا کا ایک سال مکمل

فوٹو: فائل


کوئٹہ: بلوچستان میں مزید 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد صوبہ بھر میں وبا سےمتاثرہ افراد کی تعداد 281 ہو گئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق آج صوبہ بھر میں 39 افراد کے ٹیسٹ کیےگئے ہیں جن میں سے 4 مثبت اور 35 منفی آئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 133 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کوروناوائرس کے سبب پاکستان میں107 افراد جاں بحق اور5 ہزار988 متاثر ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 272 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 2945 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ ایک ہزار518، خیبرپختون خوا 865 اور بلوچستان میں 240 کیسز ہیں۔

گلگت بلتستان میں کورونا کے234، اسلام آباد140 اور آزادکشمیر میں 46 مریض ہیں۔ سندھ 35، پنجاب28، گلگت بلتستان3 اوربلوچستان میں 2 افراد کوروناوائرس کے سبب جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا میں کورونا سے اموات ایک لاکھ 26 ہزار سے تجاوز کر گئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹراسلام آباد میں کورونا وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 38 اموات ہوئی ہیں

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 3280 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر ملک میں 73ہزار 439 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

مقامی سطح پرکورونا وائرس کے55 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ بیرون ممالک سے آنے والے کیسز کی تعداد 45 فیصد ہے۔

ملک کے 588 اسپتالوں میں 1496 افراد زیرعلاج ہیں۔ ملک میں16ہزار387افراد کوگھروں میں قرنطینہ کی سہولت دی گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے1446مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں 216 علاقوں کو ہاٹ اسپاٹ ایریاز قرار دے کر سیل کر دیا گیا ہے جب کہ لاہور کے 12 علاقے بھی سیل کر دیئے گئے ہیں۔

ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

آلات بنانے والے یونٹس، شیشہ بنانے والی صنعتیں، سیمنٹ اور کیمیکل پلانٹس، مائنز اور منرل یونٹس،  سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پروگرامز، کتابوں اور اسٹیشنری کی دکانیں کھلیں گی ، تمام صنعتوں اور کاروبار کیلئے حفاظتی تدابیر اپنانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں