آپ کی پاکستان کیلئے کیا خدمات ہیں؟ عامرخان اور حسین شاہ کی لفظی جنگ

آپ کی پاکستان کیلئے کیا خدمات ہیں؟ عامرخان اور حسین شاہ کی لفظی جنگ

برطانوی نژاد باکسرعامرخان اور پاکستان کے اولمپک میڈلسٹ باکسر حسین شاہ کے درمیان لفظی جنگ چھڑگئی ہے اور ایک دوسرے پر تنقید کے تیر برسائے جا رہے ہیں۔

عامر خان کہتے ہیں حسین شاہ کی پاکستان باکسنگ کے لیے کیا خدمات ہیں؟؟ جبکہ حسین شاہ نے جواب میں کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے کیا جانیں کے ماضی میں کن مشکل حالات میں پاکستان کے لیے باکسنگ کی۔

پاکستانی نژاد برطانوی عامر خان نے صحافیوں سے آن لائن گفتگو کے دوران حسین شاہ کی پاکستانی باکسنگ کے لیے خدمات پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا حسین شاہ نے پاکستان میں نام بنانے کے بعد جاپان میں سکونت اختیار کرلی حالانکہ انھیں پاکستان میں رہ کر پاکستانی باکسرز کو ٹریننگ دینی چاہیے تھی۔

سابق پاکستانی باکسر حسین شاہ نے کہا کہ تنقید کرنے سے پہلے عامر خان یہ بتائیں کہ انھوں نے پاکستان کے لیے کیا خدمات سرانجام دی ہیں۔ عامرخان اپنی زندگی میں پاکستان کے لیے ایک بھی فائٹ نہیں لڑے ہیں۔

حسین شاہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں زندگی گزارنے والے عامر خان کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہے کہ ماضی میں پاکستان کے باکسرز نے کن نامساعد حالات میں باکسنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی حالات کے سبب انھوں نے بیرون ملک کا رخ کیا تھا۔ حسین شاہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے واحد باکسر ہیں جنھیں اولمپکس میں تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں