برطانوی حکومت نے لاک ڈاون کی مدت میں توسیع کر دی


اسلام آباد: برطانوی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں جاری لاک ڈاون میں مزید تین ہفتوں تک توسیع کی گئی ہے جس کی مدت اگلے ماہ 7 مئی تک رہے گی۔

برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہیں کی جا سکتی، ایسا کرنے سے لوگوں کی صحت اور ملکی معیشت کو مزید خطرہ ہے۔

کوروناوائرس: دنیا میں ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد اموات

خیال رہے کہ برطانیہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے متاثر ہونے والا پانچواں بڑا ملک ہے جہاں اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

کوویڈ 19 نامی بیماری سے برطانوی وزیراعظم بوریس جانسن سمیت اب تک ایک لاکھ تین ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد اکیس لاکھ بیاسی ہزار سے بڑھ گئی ہے اور ایک لاکھ پینتالیس ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

امریکہ میں کورونا کے چھ لاکھ ستترہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ چونتیس ہزار سے زائد  افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ نیویارک میں سولہ ہزار سے زائد اموات اوردو لاکھ چھبیس ہزار سے زائد کیسز ہیں۔

اٹلی میں کورونا سے بائیس ہزار سے زائد افراد چل بسے ہیں اور اسپین میں انیس ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ بیلجیم میں اڑتالیس سو اور  نیدر لینڈز میں تینتیس سو سے زائد اموات ہوئی ہیں۔

فرانس میں کورونا سے سترہ ہزارنوسو سے زائد  افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ایک لاکھ پینسٹھ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جرمنی میں  چار ہزارسے زائد افراد چل بسے ہیں اور ایک لاکھ سینتیس ہزار سے زائد مریض ہیں۔

اسپین اور فرانس کے درمیان گھرا ہوا چھوٹا سا ملک  اینڈورا کورنا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ستتر ہزار آبادی والے ملک میں اب تک کرونا سے تینتیس افراد ہلاک جبکہ مریضوں کی تعداد چھ سو تہتر ہے۔


متعلقہ خبریں