کورونا سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت کو مزید کام کرنا ہو گا، علی زیدی


کراچی: وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیےصوبائی حکومت کو مزید کام کرنا ہو گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے کچھ وزرا مشکل حالات میں غیرذمہ دارانہ بیانات دیتے ہیں ،ان سے اپیل ہے وہ ان حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے سے منسلک کچھ افراد سے ملاقات ہوئی موجودہ صورتحال میں امریکہ سمیت تمام ممالک میں بے روزگاری بڑھنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سب کو الگ الگ مشکلات کا سامنا ہے ۔

خیال رہے کہ آج سندھ میں مزید دو افراد کورونا وائرس سے زندگی کی بازی ہار گئے، کراچی سمیت پورے صوبے میں مزید دوسو نو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ صوبے میں سینتالیس افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں، جو متاثرہ افراد کا دو فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دوہزار دو سو سترہ ہوگئی ہے، جن میں سے پندرہ سو نواسی زیر علاج ہیں۔ وزیراعلی نے بتایا کہ پانچ سو اکیاسی افراد مہلک وائرس سے صحت مند ہوئے ہیں،، جو مریضوں کا چھبیس فیصد ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے چار ہزار چھ سو ترپن افراد کے نمونے لئے گئے، ان میں سے چارسو انتیس مثبت آئے اور باقی کا نتیجہ ابھی آنا ہے۔  دو سو نو نئے کیسز میں سے ایک سو بتیس تبلیغی جماعت سے آئے ہیں، جو آئی سولیشن میں ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا: اندرون سندھ تیزی سے پھیلنے کا انکشاف

انہوں نے کہا کہ کراچی کے نئے ستر کیسز میں سے بیشتر کا تعلق پسماندہ علاقوں سے ہے، جوتشویش ناک بات ہے۔ضلع جنوبی میں لیاری، صدر، گارڈن کے علاقوں سے تیس ، ضلع شرقی میں گلبہار، اور گلستان جوہر سے سولہ کیس سامنے آئے ہیں۔کورنگی اور ملیر میں چھ، چھ ،ضلع وسطی کی کچی آبادیوں میں گیارہ، ضلع غربی میں نادرن بائی پاس اور بلدیہ سے چھ کیس کیسز مثبت آئے ہیں۔


متعلقہ خبریں