تعمیراتی صنعت کے آرڈیننس سے مزدور طبقے کو فائدہ ہو گا، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تعمیراتی صنعت کے لیے وفاقی کابینہ نےآرڈیننس کی منظوری دے دی ہے جس سے مزدور طبقہ فائدہ حاصل کر سکے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صحافی اس قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور اس مشکل وقت میں قوم کے بیٹے ہوتے ہوئے اس دھرتی کا قرض ادا کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن ممالک کا صحت کا نظام بہترین تھا وہ بھی اس وبا کے سامنے زمین بوس ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا حامل ممالک اس وقت کورونا سے لڑکھڑا گیا ہے،دنیا کے بڑے طبی ادارے اور طبیب اس بیماری سے شکست کھا گئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا حکومت کے ساتھ مل کر  دو محاذوں پر ہمارے ساتھ تعاون کرے، میڈیا اپنی اسکرین  کے زریعے لوگوں کو کورونا کے حوالے سے آگاہی فراہم کرے اور  قوم کو اس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے ہفتے سے کورونا سے بچاؤ کے لیے این ڈی ایم اے صحافیوں کو حفاظتی سامان اور کٹ فراہم کرے گی کیونکہ جہاں ہم نے اپنی عوام کو بچانا ہے وہیں ہم نے اپنے صحافیوں کو بھی محفوظ کرنا ہے۔

 


متعلقہ خبریں