کورونا وائرس، پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے سرکاری کتب آن لائن کر دیں


لاہور: کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے سرکاری کتب آن لائن کر دیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اسکولز بند ہوئے تو پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے بھی متبادل انتظام ڈھونڈ نکالا۔ والدین بچوں کی کتابیں نہ ملنے اور تعلیمی سال متاثر ہونے پر پریشان ہوئے تو پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے سرکاری کتب آن لائن کر دیں۔

اب والدین اپنے بچوں کا نصاب انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کریں اور گھر بیٹھ کر بچوں کی تعلیم متاثر ہونے سے بچائیں۔

طویل ہوتے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے کے جی سے میٹرک تک کی کتابیں اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی ہیں جنہیں بچے اب گھر بیٹھ کر ہی پڑھ سکتے ہیں۔

پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے والدین نے کہا کہ ان کی مشکل کا حل نکل آیا۔ کتابوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ بہت پریشان تھے۔

سرکاری اسکولوں کے علاوہ نجی اسکولوں نے بھی طویل لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنی کتب آن لائن کر دی ہیں جبکہ بیشتر اسکول وٹس اپ کے ذریعے بھی والدین کو سلیبس بھیج رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی اسکول چینل کا افتتاح کر دیا

محکمہ تعلیم پنجاب نے چھٹیوں میں بچوں کی تعلیم کو جاری رکھنے کی غرض سے ہر گھر بنے اسکول پروگرام بھی متعارف کرا دیا ہے۔ جس کے تحت بچوں کے لیے کیبل پر چیلنز مختص کر دیے گئے ہیں۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے باعث وفاقی وزارت تعلیم نے 31 مئی تک تمام اسکولز کو بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کوموسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے۔ اگر کورونا وائرس کا مسئلہ حل ہوگیا تو تعلیمی ادارے جون میں دوبارہ کھل جائیں گے۔


متعلقہ خبریں