رمضان المبارک میں عوام گھروں میں رہ کر عبادات فرمائیں، فردوس عاشق

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھروں میں رہ کر عبادات فرمائیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا علما سے مشاورت کے بعد متفقہ اعلامیہ خوش آئند ہے اور رمضان المبارک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صدر مملکت کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا احتیاط ہی سب سے مؤثر علاج ہے اور قومی کاوشوں کو تقویت دینے میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہم اور کلیدی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مساجد کے منبر و محراب سے آنے والی آواز کا عوام خصوصی احترام کرتے ہیں اس لیے علمائے کرام عوام کو احتیاطی تدابیر کے ضمن میں بھی رہنمائی فرمائیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اور حفاظتی ضابطہ کی پابندی کی تلقین اشد ضروری ہے۔ عوام رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھروں میں رہ کر عبادات فرمائیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماہ صیام کی رحمتوں سے ہر گھر منور ہو گا اور ہر مسلمان گھر میں رہتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی برکات و عنایات سمیٹے گا۔


متعلقہ خبریں