پی آئی اے آج 3 خصوصی پروازیں چلائے گی


اسلام آباد: قومی ائر لائن (پی آئی اے) دبئی میں پھنسے پاکستانیوں کیلیے 3 خصوصی پروازیں چلائے گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق 3 پروازوں کے ذریعے 800 سے زائد پاکستانی آج وطن واپس پہنچیں گے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 کے ذریعے 300 مسافر کراچی پہنچیں گے۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 204 کے ذریعے 250 سے زائد مسافر لاہور پہنچیں گے جبکہ پرواز پی کے 8702 مانچسٹر سے براستہ دبئی 250 سے زائد مسافروں کو لاہور لائے گی۔

پی آئی اے خصوصی پروازوں کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی جبکہ پاکستان پہنچے والے تمام مسافروں کی مکمل طبی جانچ اور اسکریننگ کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق وطن واپس پہنچنے والے مسافروں کے کورونا کے نمونے لے کر انہیں قرنطینہ منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 176 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور 8 ہزار 418 متاثر ہیں جبکہ 44 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی وجہ سے 17 افراد جاں بحق ہوئے اور 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ 3721 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں 2537، خیبرپختونخوا میں 1235، بلوچستان میں 432، گلگت بلتستان میں 263، اسلام آباد میں 181 اور آزاد کشمیرمیں 49 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا میں کورونا وائرس کے سبب ایک لاکھ65ہزار سے زائد اموات

خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 67 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ سندھ میں56، پنجاب42، بلوچستان5،اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں 3،3 افراد جاں بحق ہوئے۔

اب تک 1970 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ بیرون ممالک سے 36 اور لوکل ٹرانسمیشن کے 64 فیصد کیسز سامنے آئے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 302 ٹیسٹ کیے گئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران4 ہزار 873 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ اس وقت پاکستان کے 590 اسپتالوں میں 2 ہزار 216 مریض زیرعلاج ہیں۔


متعلقہ خبریں