رمضان المبارک میں مسلمان گھروں میں عبادات کریں، سعودی علما کی اپیل



ریاض: سعودی عرب کے علمائے کرام نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں عبادات کا اہتمام گھروں میں کریں۔

سعودی عرب کی سپریم علما کونسل نے ہدایات دی ہیں کہ جن ممالک میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے وہاں مسلمان گھروں میں نماز ادا کریں۔

سعودی علما کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران گھروں میں ہی عبادات اور نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے۔ مسلمان عالمی وبا کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے دینی فرائض ادا کرنے کی مثال بنیں۔

سعودی عرب کی سپریم علما کونسل نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ہدایت کی ہے کہ جہاں بھی رہیں لاک ڈاؤن کی پابندی کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ختم نہ ہوا تو تراویح اور نماز عید گھروں میں ادا کی جائے، سعودی مفتی اعظم

سعودی عرب کے مفتی اعظم نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران تراویح اور عید کی نماز گھروں میں ادا کی جائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا بھرمیں مریضوں کی تعداد چوبیس لاکھ  سے بڑھ گئی جب کہ ایک لاکھ  پینسٹھ ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں ہیں اورچھ لاکھ  پندرہ  ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پندرہ سو سے زائد اموات ہوئی ہیں اور مجموعی تعداد چالیس ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

امریکہ میں کورونا  کیسز سات لاکھ تریسٹھ ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔ نیویارک میں کورونا سے اٹھارہ ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں جب کہ دولاکھ سینتالیس ہزار سے زائد افراد بیمار ہیں۔


متعلقہ خبریں