پاکستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

پشاور میں پولیو ری ایکشن کا ڈرامہ بے نقاب، ایک شخص گرفتار

۔—فائل فوٹو۔


لاہور/اسلام آباد/پشاور: اسلام آباد، لاہور اور خیبرپختونخوا میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تین روز تک جاری رہنے والی مہم میں اسلام آباد، لاہور اور خیبر پختونخوا (کے پی) میں 77 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ 25 ہزار سے زائد ٹیمیں انسداد پولیو مہم کا حصہ ہیں۔

اسلام آباد میں انسداد پولیو مہم کے دوران تین لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی تمام یونین کونسلز میں 17 لاکھ سے زائد  بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس عمل میں چار ہزار 700 سے زیادہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور سمیراحمد نے بتایا کہ ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم میں 17 لاکھ 71 ہزار پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف پورا کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔

خیبرپختونخوا میں بھی آج سے شروع کی جانے والی تین روزہ انسداد پولیو مہم میں 57 لاکھ 37 ہزار سے زائد بچوں کوحفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

مہم کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 21 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جوگھر گھر جاکر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لئے 30 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

تین روزہ انسداد پولیو مہم آج سے پاکستان بھر میں شروع ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں