متحدہ عرب امارات میں پھنسے 1180 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے


اسلام آباد: قومی انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی 3 اور غیر ملکی ایئر لائین کی 2 پروازوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں پھنسے 1180 پاکستانی وطن واپس پہنچے۔

پی آئی اے کی 3 پروازوں کے ذریعے 733 پاکستانی لاہور اور کراچی پہنچے، شارجہ سے غیر ملکی ایئر لائن 200 سے زائد مسافروں کو لے کر ملتان پہنچی۔

دبئی سے ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز 250 مسافروں کو پشاور لائی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں پھنسے پاکستانیوں کیے لیے مزید پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: جکارتا سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچ گئی

خیال رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پی آئی اے نے اعلان کیا تھا کہ دبئی میں پھنسے پاکستانیوں کیلیے 3 خصوصی پروازیں چلائے گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق 3 پروازوں کے ذریعے 800 سے زائد پاکستانی کل وطن واپس پہنچیں گے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 کے ذریعے 300 مسافر کراچی پہنچیں گے۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 204 کے ذریعے 250 سے زائد مسافر لاہور پہنچیں گے جبکہ پرواز پی کے 8702 مانچسٹر سے براستہ دبئی 250 سے زائد مسافروں کو لاہور لائے گی۔

پی آئی اے خصوصی پروازوں کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی جبکہ پاکستان پہنچے والے تمام مسافروں کی مکمل طبی جانچ اور اسکریننگ کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق وطن واپس پہنچنے والے مسافروں کے کورونا کے نمونے لے کر انہیں قرنطینہ منتقل کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں