تعمیراتی شعبےکو سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینےکی منظوری


اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے تعمیراتی شعبے کو سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ہے جس میں پانچ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔کابینہ نے تعمیراتی شعبے کو سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے کی منظوری دی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری رہائشگاہ سے متعلق پالیسی پر نظرثانی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

پالیسی کے تحت وقت سے پہلے ریٹائر ہونے والے ملازمین 6 ماہ سے زیادہ سرکاری رہائش استعمال نہیں کر سکیں گے۔

وفاقی کابینہ نے مسابقتی کمیشن کی تشکیل نو سے متعلق سفارشات اور اقلیتوں کے قومی کمیشن کی تشکیل نو کی بھی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین محمد علی نے رپورٹ اور اپنی سفارشات پیش کیں ہیں جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔

گزشتہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈےپرغورکیا گیا تھا جبکہ ای اوبی آئی پنشن میں اضافےکی سمری موخر کردی گئی تھی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے قومی رابطہ کمیٹی کےفیصلوں اور کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کےگزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ مرغزار چڑیا گھر کا انتظامی کنٹرول وزارت ماحولیاتی تبدیلی کےسپرد کرنےکی منظوری دی گئی تھی۔

وفاقی کابینہ نے احساس ایمرجنسی کیش ٹرانسفرز پرایڈوانس انکم ٹیکس چھوٹ کی منظوری اور کورونا سے بچاؤ، احتیاط سے متعلق درآمدات پر برانڈ کی شرط ختم کرنے کی بھی منظوری دی تھی۔


متعلقہ خبریں