گرین لائن ٹرین کے کرایوں میں کمی


اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے لیے اسلام آباد تا کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرین گرین لائن کے کرایوں میں دس فیصد کمی کردی ہے۔

گرین لائن ٹرین سے کراچی کا سفر کرنے والوں کے لیے کرائے میں 600 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد کرایہ 5990 روپے سے کم ہو کر 5340 روپے ہو گیا ہے۔

ڈویژنل کمرشل آفیسر رضاعلی حبیب نے بتایا کہ پاکستان ریلویز نے راولپنڈی سے لاہور تک گرین لائن کا کرایہ 1200، راولپنڈی سے خانیوال تک 2410 روپے، راولپنڈی سے بہاولپور تک 3180 روپے، راولپنڈی سے روہڑی تک نیا کرایہ 4430 روپے مقرر کیا ہے۔

گرین لائن کے ذریعے راولپنڈی سے حیدرآباد کا سفر کرنے والے 5060 روپے کرایہ ادا کریں گے۔

2015 میں شروع ہونے والی ٹرین اسلام آباد سے کراچی کا سفر 23 گھنٹے 15 منٹ میں طے کرتی ہے۔ گرین لائن کے لئے لاہور، خانیوال، بہاولپور، روہڑی اور حیدرآباد کے پانچ اسٹاپ مقرر کئے گئے ہیں۔

گرین لائن پاکستان میں پہلی ائرکنڈیشنڈ بزنس کلاس ٹرین ہے جس میں مسافروں کو وائی فائی کی سہولت، تین وقت کا معیاری کھانا، چائے، منرل واٹر، اخبارات اور معیاری بستر جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

پاکستان ریلوے کے زیراہتمام اس وقت ملک میں 100 کے قریب ٹرینیں چلتی ہیں۔ ان میں لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں۔ عید کی چھٹیوں کے دوران خصوصی ٹرینیں بھی چلائی جاتی ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مناسب سیکورٹی اقدامات، معیاری خدمات اور وقت کی پابندی کے باعث ریل کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال پاکستان ریلوے کی آمدن 38 ارب روپے رہی تھی۔

پاکستان ریلوے حکام کو یقین ہے کہ ادارہ رواں سال 45 ارب روپے کی آمدن کا ہدف حاصل کر لے گا۔


متعلقہ خبریں