اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

مشیر خزانہ کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس آج ہو گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج ہو گا۔ 

ای سی سی کے اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں اجرتی مزدوروں کے لیے 2 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں مسابقتی کمیشن کی کارکردگی پر بریفنگ کے علاوہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے ابتدائی فنڈز کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

مختلف اداروں کی ٹیکنیکل گرانٹس اور ای او بی آئی کے بجٹ کو بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں جنوبی افریقہ میں پی این ایس سی کے جہازوں کے معاملہ پر بھی غور کیا جائے گا۔

ای سی سی اجلاس میں پاکستان کے ماحولیات نظام کی بحالی کے لیے نرم شرائط پر قرض فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا۔

گزشتہ اجلاس میں ای سی سی نے 2.5 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم یوتھ بزنس لون اسکیم کے لیے 84 کروڑ روپے کے سبسڈی چارجرز کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

اجلاس میں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے 9 کروڑ روپے سے زائد سپلیمنٹری گرانٹ کی منظور دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب رینجرز کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ منظوری دی گئی جبکہ خیبر پختونخوا میں ایف سی ٹریننگ سینٹر کے قیام کے لیے ایڈوانس فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں ملیریا کی دوا سے کورونا اموات میں اضافہ

اس سے قبل اجلاس میں گندم کی قیمت 14 سو روپے فی من مقرر کی گئی تھی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاور ڈویژن کے لیے 20 ارب روپے کا خصوصی ریلیف پیکج بھی منظور کیا۔


متعلقہ خبریں