چین کے صوبہ ہیلونگ جیانگ میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ


بیجنگ : چین کے صوبہ ہیلونگ جیانگ میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر شہر ہربن کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین حکام نے ہربن شہر میں عوامی اجتماع پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔  بتایا گیا کہ ہربن میں کورونا کے کیسز کی تعداد 52 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 82,788 ہو گئی ہے جبکہ اس وبا سے اب تک چین میں اموات کی تعداد 4,632 تک ہو گئی ہے۔

دنیامیں کورونامریضوں کی تعداد25لاکھ56ہزار سے بڑھ گئی

دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد پچیس لاکھ  چھپن ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ایک لاکھ ستتر ہزارسے زائد اموات ہوئی ہیں جب کہ چھ لاکھ نوے ہزار سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکا میں آٹھ لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹھائیس سو سے زائد افراد چل بسے ہیں اور مجموعی اموات پینتالیس ہزار سے زائد ہوگئی ہیں۔

نیویارک میں کورونا کے دو لاکھ چھپن ہزار سے زائد کیسز ہیں اور انیس ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ریاست نیو جرسی میں کیسز  بانوے ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔

امریکی صدر نے پناہ گزینوں کے امریکہ میں داخلہ پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔ پناہ گزینوں کے داخلے پر پابندی کا اطلاق 60 دنوں کےلیے ہوگا۔

برطانیہ میں کورونا سے مزید آٹھ سو اٹھائیس اموات ہونے سے مجموعی تعداد سترہ ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ ایک لاکھ انتیس ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

برطانیہ کے سردخانوں میں جگہ کم پڑگئی ہے اور میتوں کو محفوظ کرنے کےلیے برمنگھم کی جامع مسجد کے پارکنگ ایریا میں سردخانہ قائم کردیا گیا ہے۔ سردخانے میں ڈیڑھ سو میتوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔

اسپین میں کورونا مزید  چار سو تیس جانیں نگل گیا اور اموات  اکیس ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ اٹلی میں کورونا  سےچوبیس ہزار چھ سو سے زائد  اموات ہوئی ہیں اور کیسز ایک لاکھ تراسی ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔

فرانس میں کورونا بیس ہزار سات سو سے زائد جانیں نگل گیا اور ایک لاکھ اٹھاون ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ جرمنی میں کورونا کے ڈیڑھ لاکھ کے قریب کیسز ہیں اور  پانچ  ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں