رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا



کراچی: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کریں گے۔

ماہ رمضان المبارک1441 ہجری کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس بعد نمازعصر دفتر محکمہ موسمیات (میٹ کمپلیکس) یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوگا۔ جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔

چاند کی رویت کے لئے شہادتیں جمع کرنے کی غرض سے کنٹرول روم قائم کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ضلعی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کا ایک نمائندہ بھی رویت ہلال کمیٹی میں شامل ہوگا۔

اس حوالے سے حکومت نے بدھ کو باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے اور وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر طارق مسعود بطور ٹیکنیکل ماہر رویت ہلال کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے ملک بھر سے جمع ہونے والی شہادتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین مفتی منیب الرحمان رمضان کا چاند نظر آنے یا نہ نظر آنے کا اعلان کریں گے۔


متعلقہ خبریں