جنوبی پنجاب کے لیگی اراکین اسمبلی نے منحرف ہو کر نئی جماعت بنا لی

جنوبی پنجاب کے لیگی اراکین اسمبلی نے منحرف ہو کر نئی جماعت بنا لی | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت میں ساڑھے چار سال گزارنے والے مخدوم خسرو بختیار سمیت آٹھ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے حکمراں جماعت کے خلاف بغاوت کا علم بلند کردیا۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران چھ قومی اور دو صوبائی اراکین اسمبلی نے کہا کہ وہ مستعفی ہو رہے ہیں۔ منحرف اراکین نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنانے کا بھی اعلان کیا۔

مستعفی ہونے والے اراکین میں مسلم لیگ (ن) کے وہاڑی سے ممبر قومی اسمبلی طاہر اقبال، ملتان سے رانا محمد قاسم، مظفر گڑھ سے رکن قومی اسمبلی باسط بخاری اور سردار نصراللہ دریشک شامل ہیں۔

علیحدگی کا اعلان کرنے والے رہنماؤں میں سلیم اللہ چوہدری اور طاہر بشیر چیمہ بھی شامل ہیں جو قومی اسمبلی کے اراکین رہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے اراکین علی اصغر ونڈا (پی پی 165) اور طارق محمود باجوہ (پی پی 170) نے اعلان کیا کہ وہ آزاد حیثیت میں آئندہ انتخابات لڑیں گے۔

مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ہماری پریس کانفرنس نئے صوبے کے قیام کا اعلان ہے۔ جنوبی پنجاب کی عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، علاقے کے اہم سیاست دان ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ نئے اقدام کا مقصد وفاق کومضبوط اورنئے صوبے کے قیام کا اعلان ہے۔

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے سربراہ کے لئے سابق وزیراعظم بلخ شیر مزاری کے نام کا اعلان کیا گیا۔

اس سے قبل بلوچستان میں بھی مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نام سے سیاسی جماعت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں