حکومت سندھ: علمائے کرام سے فیصلوں پر نظرثانی کی اپیل

حکومت سندھ: علمائے کرام سے فیصلوں پر نظرثانی کی اپیل

کراچی: حکومت سندھ کے وزرا نے وفاق کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ الزامات عائد نہ کیے جائیں جوڈیشل کمیشن بنا دیا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جس معاملے پر بھی وفاق چاہے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پھیل رہا ہے لیکن ایسے میں مخالفین کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی تعریف ہضم نہیں ہو رہی ہے۔

عوام کو بے روزگار نہیں ہونے دیں گے، گورنر سندھ

ہم نیوز کے مطابق سندھ کے وزرا سعیدغنی، ناصر حسین شاہ اور امتیاز شیخ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کرالی جائیں کہ کون اہل ہے اور کون نااہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو خط لکھا ہے کہ تاجروں کو سود سے پاک قرضہ فراہم کیا جائے۔

حکومت سندھ کے وزرا نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ ماہ رمضان المبارک میں مساجد کے اندر عبادات کے حوالے سے کیے جانے والے فیصلوں پہ نظر ثانی کریں۔

صوبائی وزیر اطلاعات اور مذہبی امور ناصر حسین شاہ کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلےبھی علمائے کرام کی مشاورت سے فیصلے کیے ہیں اوراب بھی چاہتے ہیں کہ علمائے کرام کی مدد سے فیصلے کیے جائیں۔

وزیراعظم اور علمائے کرام اچھا فیصلہ کریں گے، صدرمملکت

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کاروباری لوگوں کو اکسایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر ہمارے بھائی ہیں اور ان کا بے حد احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو ریلیف دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جب کہ وفاق سے کہا ہے کہ تاجروں کو سود سے پاک قرضے دیے جائیں۔

ہم نیوزکے مطابق ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت میں کچھ ایسے لوگ ہیں جن کی فضول باتوں کا جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ہمیں مجبور کردیا جاتا ہے کہ منفی باتوں کا جواب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں دکانیں کھولنے پر فائرنگ کی گئی لیکن تنقید کا نشانہ صرف حکومت سندھ کو بنایا گیا۔

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے پریس کانفرنس میں مؤقف اپنایا کہ علمائے کرام سے دوبارہ رابطہ کریں گے اور انہیں ڈاکٹروںکے خدشات سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک صدر مملکت کے علما کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر قائم ہیں۔

رمضان المبارک میں مسلمان گھروں میں عبادات کریں، سعودی علما کی اپیل

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے پریس کانفرنس کرکے عوام کے سامنے حقائق رکھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن وفاقی حکومت کے ترجمانوں کی طرف سے کہا گیا کہ ڈاکٹرز سیاست کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ ڈاکٹروں نے صرف حکومت، تاجر برادری اورلوگوں کے سامنے درپیش حالات کی منظر کشی کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تاجروں سے مل کر بہترین تجاویزبنائی تھیں اور تاجروں نے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بنتے ہوئے کام کوخراب کیا گیا اور دکانیں کھولی گئیں۔

سندھ کے وزرا نے زور دے کر کہا کہ گورنر سندھ ایسے کام نہیں کریں گے جن پر پابندی ہو۔ انہوں نے کہا کہ امید نہیں تھی کہ گورنر صاحب ایسے بندے کی سفارش کریں گے جو غیرقانونی کام میں ملوث ہو۔

سندھ میں کوروناکے320نئے کیسز،مجموعی تعداد 3373 ہوگئی

ہم نیوز کے مطابق سندھ کے وزرا نے کہا کہ آئندہ ایسے پروگرام میں نہیں جائیں گے جہاں سماجی فاصلوں کا خیال نہ رکھا گیا ہو۔


متعلقہ خبریں