دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 28 لاکھ سے بڑھ گئی



دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 لاکھ  سے بڑھ گئی ہے اور ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد کورونا کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اب تک سات لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے ہیں۔

یورپ پر کورونا کے وار بدستور جاری ہیں اور ہلاکتوں کی کل تعداد ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ یورپ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 12 لاکھ  سے بڑھ گئی ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے چوبیس گھنٹوں میں دو ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی تعداد پچاس ہزار نو سو سے تجاوز کرگئی ہے۔

امریکہ میں نو لاکھ  تین ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ نوے ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو گئے ہیں۔ ایک دن میں   اکتیس ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

اسپین میں مزید چار سو چالیس ہلاکتوں کے بعد کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد بائیس ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

فرانس میں کورونا کی وجہ سے  بائیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اٹلی میں پچیس ہزار نو سو سے زائد افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید چھ سو اڑتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد انیس ہزار پانچ سو اڑتیس ہو گئی ہے۔ ساڑھے چار ہزار سے زائد نئے کیسز کے بعد ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

یلجئیم میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار چار سو سے بڑھ گئی ہے۔ جرمنی میں پانچ ہزار پانچ سو سے زائد افراد وائرس کی نذر ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس سے اموات بڑھنے لگی ہیں۔ ایک ہی روز میں مزید سات افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مجموعی تعداد ایک سو اکیس تک پہنچ گئی ہے۔

چودہ ہزار کے قریب افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور انیس سو سے زائد افراد نے موذی وائرس کو شکست دی ہے۔


متعلقہ خبریں