کورونا: امریکی ایوان نمائندگان سے 500 ارب ڈالر کے پیکیج کی منظوری



واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے 500 ارب ڈالر کے پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اس سے پہلے 3 کھرب ڈالر منظور کیے جاچکے ہیں۔

ایوان نمائندگان سے منظور کردہ رقم اسپتالوں میں سہولیات اور چھوٹے کاروباروں کو سہارا دینے کے لیے استعمال ہوگی۔

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ حکومت رقم حقدار لوگوں پر خرچ کرنے اور اس میں خوردبرد روکنے کو یقینی بنائے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل امریکی سینیٹ نے اتفاق رائے سے 484 بلین امریکی ڈالرز کا امدادی پیکج منظور کیا تھا۔

امریکہ: کورونا وائرس امدادی پیکیج کیلئے100 بلین ڈالرمنظور

امدادی پیکج میں منظور کی جانے والی رقم سے چھوٹے کاروباری افراد کی معاونت کی جائے گی۔ اس رقم کو اسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے اور ٹیسٹنگ کی سہولتوں کو بہتر بنانے پر بھی خرچ کیا جائے گا۔

امریکی  سینیٹ نے 27 مارچ کو کورونا وائرس کے سبب ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 20 کھرب ڈالرز کے امدادی پیکج کی منظوری دی تھی۔

امریکی سینیٹ میں کئی دن تک تک ہونے والے طویل بحث و مباحثے کے بعد انتہائی منقسم سینیٹ نے متفقہ طور پر امدادی پیکج منظور کیا تھا۔

امدادی پیکج  پر ہونے والی رائے شماری میں ایک بھی ووٹ مخالفت میں نہیں آیا تھا اور 96 ووٹ اس کے حق میں پڑے تھے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے امدادی پیکج میں منظور کی جانے والی رقم بیروزگار ہونے والے افراد اور کورونا متاثرین کی مدد کے لیے جنگی بنیادوں پر طبی آلات کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں