بلیک پینتھر نے کامیابی اور مقبولیت میں ’ٹائی ٹینک‘ کو پیچھے چھوڑ دیا


اسلام آباد: 1970 سے امریکا میں’بلیک ہسٹری منتھ‘ (سیاہ فام تاریخ کا مہینہ ) کے نام سے منایا جانے والا مہینہ سال رواں اس لحاظ سے منفرد رہا کہ جہاں امریکی تاریخ کی اہم سیاہ فام شخصیات کو بھرپور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا وہیں فلم ’بلیک پینتھر‘ بھی ریلیز ہوئی۔

20 کروڑ ڈالرز بجٹ کی ایک گھنٹہ 34 منٹ پر مشتمل سائنس، ایڈونچراورفکشن فلم ’بلیک پینتھر‘ 16 فروری کو امریکا میں ریلییز کی گئی تو اس کے فلمساز و ہدایتکار کو یہ امید قطعی نہیں تھی کہ پہلے ہی ہفتے امریکا میں 20 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز مالیت کا بزنس کرلے گی۔

آٹھ اپریل تک ’بلیک پینتھر‘ امریکا میں 66 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کا بزنس کرچکی تھی۔ دنیا بھر کے فلمی شائقین سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز بھی سمیٹ چکی تھی۔

یہ اس لحاظ سے بھی تاریخ ساز ہے کہ پہلی مرتبہ کسی سیاہ فام کو سپر ہیرو کا روپ دیا گیا ہے اور اس نے پہلے ہی ہفتے امریکن باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کر لیا ہے۔

ناقدین، کہانی کے لحاظ سے فلم کو نہایت مضبوط قرار دے رہے ہیں لیکن ایسے فلم بین بھی موجود ہیں جن کے نزدیک یہ بچوں کے ساتھ دیکھنے کے لئے مناسب نہیں ہے۔

امریکہ میں بڑھتے ہوئے فائرنگ کے واقعات کے بعد عوام الناس کی بڑی تعداد پرتشدد مناظر کی پکچرائزیشن کے خلاف سامنے آئی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ایسے فلمی مناظر کم عمر بچوں پر منفی اثرات مرتب کررہے ہیں لہذا ان سے اجتناب برتا جائے۔

مقبولیت اور بزنس کے لحاظ سے مشہور زمانہ’ ٹائی ٹینک‘ کے ریکارڈ توڑنے والی فلم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہونے جارہا ہے کہ 35 سال بعد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جس فلم کی نمائش ہونے جارہی ہے وہ بلیک پینتھر ہی ہے۔

کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع پہلے سنیما گھر میں 18 اپریل سے شروع ہونے والی فلم کی ٹکٹیں فروخت ہونا شروع ہوگئی ہیں ۔

مارول سپر ہیروز کے مشہور فکشنل کردار بلیک پینتھر کے گرد گھومتی سائنس، فکشن اورایڈونچر سے بھرپور فلم کی ہدایتکاری کے فرائض ریان کوگلر نے انجام دیئے ہیں۔

فلم کا مرکزی کردار چیڈوک بوسمین نے ادا کیا ہے۔ دیگر اداکاروں میں مائیکل جارڈن، لیو پیٹا یانگ، مارٹن فری مین، انجلا بیسٹ اور اینڈی سرکس شامل ہیں۔

بنیادی طور پر فلم کی کہانی ایک ایسے بادشاہ کی ہے جس کی سلطنت میں انارکی عروج پر ہے اور خانہ جنگی شروع ہو جاتی ہے۔ ایسی گھمبیر صورتحال میں سلطنت کو بچانے کے لئے بادشاہ  پینتھر کا روپ دھار کر سی آئی اے ایجنٹ اور سلطنت کی سیکیورٹی فورسز کی مدد سے اپنے دشمنوں کا خاتمہ کرنے کے لئے اعلان جنگ کرتا ہے۔

مارول اسٹوڈیوز کی تیارکردہ ایڈونچر اور تھرل سے بھرپور سپر ہیرو سائنس فکشن فلم والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز اور موشن پکچرز کے تحت ریلیز کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں