یونس خان کا سوئپ شاٹ مجھے رلا دیتا تھا، ہر بھجن سنگھ


نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کو بولنگ کرتے ہوئے انہیں بہت مشکل پیش آتی تھی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز روہت شرما کے ساتھ انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یونس خان کو گیند بازی کرنا بے انتہا مشکل تھا وہ سویپ مار مار کر رلا دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس کو بھی گیند بازی کرنا مشکل تھا، اس کے علاوہ انہوں نے آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے برین لارا کو بھی مشکل ترین بلے باز قرار دیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق بھی بہت اچھے بلے باز تھے انہیں آؤٹ کرنا بھی بہت مشکل تھا۔

اپنے دور کے بہترین گیند بازوں کی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مرلی دھرن نمبر ون آف اسپنر گیند باز تھے۔

انہوں نے قومی ٹیم کے سابق گیند باز ثقلین مشتاق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دوسرا کوئی بھی بلے باز نہیں پڑھ سکتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق اننگز کے آخری اوورز میں بھی کامیابی سے باولنگ کروا کر ٹیم کو میچ جتوا دیتے تھے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے نیتھن لائن کو موجودہ آف اسپین باولرز میں سے بہترین قرار دیا۔


متعلقہ خبریں