حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہو گا، چودھری شجاعت حسین

فائل فوٹو


لاہور: مسلم لیگ ق کے قائد چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ خاندانوں کی امداد جاری رکھی جائے، پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنا بہت ضروری ہیں۔

انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔

اس موقع پر پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ راشن اور کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس کی تقسیم پر پارٹی رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان مسلم لیگ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 256 ہو گئی، جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 12 ہزار 227 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 287 کیسز اور 3  اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے 5 ہزار46 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ 4,232، خیبرپختونخوا 1708، بلوچستان656، اسلام آباد 223، آزادکشمیر55 اورگلگت بلتستان میں 307 افراد میں وائرس کی تصدیق ہے۔ پاکستان میں اب تک 2 ہزار 755 مریض صحت یاب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیںدنیامیں کوروناکیسزکی تعداد27لاکھ15ہزار سے بڑھ گئی

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سےسب سے زیادہ 89 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 78، پنجاب میں 73، بلوچستان 10، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3،3 افراد جاں بحق ہوئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے 2,755 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ 44افراد کی حالت تشویشناک ہے۔  ملک بھر میں اب تک ا لاکھ 38 ہزار147 ٹیسٹ لیےجاچکے ہیں۔

ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے عوام اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے مساجد میں زیادہ سے زیادہ پانچ افراد کو نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں